پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل وزیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازم ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل خان وزیر نے ضلع خیبر میں قرنطینہ سینٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے واپس آنے والے افراد کے لیے سات قرنطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جس میں تقریبا 1500 افراد کی گنجائش موجود ہے۔
اجمل وزیر نے بتایا کہ اب تک افغانستان سے 713 افراد آئے جو تمام قرنطینہ سنٹرز میں موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ تمام سہولیات کا جائزہ لے رہی ہے اور حفاظتی سامان بشمول دیگر اقدامات قابل تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آنے والے افراد کو پہلے قرنطینہ سینٹرز پھر آئسولیشن اور اس کے بعد ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں رکھا جائے گا۔ ہم اپنے بھائیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جن کے ٹیسٹ نیگیٹو ہوں گے ان کو اپنے علاقوں کی طرف روانہ کیا جائے گا اور جن کے ٹیسٹ مثبت ہو وہ اپنا مقررہ وقت یہاں گزاریں گے۔