کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 182 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، آج سب سے زیادہ 8 اموات ہوئیں۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ 19 مارچ کو پہلی ہلاکت ہوئی تھی، کورونا وائرس سے مرنےوالوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔ آج ہم نے 1520 ٹیسٹ کیے ہیں، جن میں عمان فلائٹ سے واپس آنے والے 176 افراد بھی شامل ہیں۔ 170 کے نتائج منفی آئے ہیں، باقی 6 کا رزلٹ آنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں میں جو لوگ آئسولیشن میں ہیں، ان کی تعداد 1043ہے، آئسولیشن سینٹرز میں 492 مریض زیر علاج ہیں اور مختلف ہسپتالوں میں 299 مریض زیر علاج ہیں۔ تبلیغی جماعت کے 4346 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم لوگوں کیلئے مزید آسانیاں کرتے جا رہے ہیں، ان آسانیوں میں آپ سماجی دوری کا ضرور خیال رکھیں، یہ ایک نئی زندگی ہے، جس کا آغاز صحت کی بنیادوں پر ہوگا، آپ ماسک پہن کرنکلیں، گھر واپس جائیں تو کپڑے تبدیل کرلیں۔