کورونا سے ملک بھر میں‌ مزید 16 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 159 ہو گئی

Last Updated On 19 April,2020 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر کورونا کا زور برقرار، مزید 16 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 159 ہو گئی، سات ہزار 993 افراد متاثرہیں. پنجاب 3 ہزار 649، سندھ 2 ہزار 355، خیبرپختونخوا ایک ہزار 137 اور بلوچستان میں376 کیسز ہو گئے. دوسری جانب ایک ہزار868 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں.

گھر میں رہیں، محفوظ رہیں، سندھ میں لاک ڈاؤن سے متعلق حکمت عملی تبدیل ہو گئی، صوبے میں خواتین اور بچے بھی موٹرسائیکل پرڈبل سواری نہیں کرسکیں گے، جیلوں میں قیدیوں کو اہلخانہ سے ملاقات پر پابندی کے باعث فون کال کی سہولت بھی دیدی گئی، حکومت نے نئے احکامات جاری کر دیئے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی تاجروں سے ملاقات ہوئی جس میں روٹیشن کی بنیاد پر دکان کھولنے اور ہوم ڈلیوری کی تجویز دی۔ اس موقع پر انہوں نے ایس آر بی اور صوبائی ایکسائز ٹیکسز میں کاروباری لوگوں کو بڑی رعایت دینے کا بھی اعلان کر دیا۔

مزید 52 برآمدی فیکٹریوں کو بھی کام شروع کرنے کی اجازت دی گئی، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ تاجروں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے، ابتدائی رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔ جلد وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کریں گے، چاہتےہیں پورے ملک میں ایک جیسے فیصلے ہوں۔

دوسری طرف اسلام آ باد انتظامیہ نے لاک ڈاؤن پالیسی میں نرمی کا اعلان کردیا، مخصوص دکانیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ہوٹل اور ریسٹورنٹس چوبیس گھنٹے پارسل کھانا فروخت کرسکیں گے۔