اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے رمضان میں مساجد کھلی رکھنے کا اعلان کر دیا، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں آئندہ جمعہ بطور یوم توبہ منایا جائے گا۔
ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کی صورتحال اور رمضان المبارک کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں معروف علمائے کرام کے وفد نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ارکان کے علاوہ علماء کے وفد میں پیر امین الحسنات شاہ، پیر شمس الامین، پیر نقیب الرحمن، مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا حامدالحق حقانی، حافظ غلام محمد سیالوی، مولانا راجا ناصر عباس اوردیگرشریک ہوئے۔
کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے گورنرسندھ عمران اسماعیل، مفتی منیب الرحمان، مفتی تقی عثمانی اور مولانا شہنشاہ حسین نقوی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں لاک ڈائون کی صورتحال میں رمضان المبارک کے دوران مساجد کھولنے اور مذہبی اجتماعات کے انعقاد سے متعلق بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیساتھ نظام زندگی کو بھی چلانا ہے، علمائے کرام نے وزیراعظم کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے رمضان میں مساجد کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ جمعہ بطور یوم توبہ منایا جائے گا۔