اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے جو تاریخ ہم نے دی، اسی کے حساب سے رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان ہوا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور کہا کہ چاند کی گردش خالص طور پر حساب اور کتاب کا سوال ہے۔ چاند کا کیلنڈر تو سو سال کا بھی بن سکتا ہے، ہم نے پانچ سال کا قمری کیلنڈر بنایا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی خیبر پختونخوا حکومت نے پوپلزئی کے کہنے پر عید کر لی، اس کے بعد وزیراعلیٰ اور وزیر اطلاعات نے آ کر مافی مانگی اور تلافی کرنے کا وعدہ کیا، پتا نہیں وہ بعد میں ہوئی یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس دفعہ بھی رویت ہلال کے اجلاس میں ہمارے نمائندے رسمی گئے تھے۔ ہم کروڑ یا چالیس بچاس لاکھ کے قریب ایک سیشن میں خرچ کر دیتے ہیں، اس طرح سے ہمارے مالی وسائل بھی ضائع ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاند نے میرے یا کسی مولوی صاحب کے کہنے پر اپنا مدار نہیں بدلا۔ تہوار چاہیے مذہبی ہوں یا ثقافتی، ایک یکجہتی کا پیغام ہے تاہم کوئی ضد میں پڑ جائے تو اس کا علاج نہیں ہے۔ اسلام علم تحقیق کی روشنی میں اگے بڑھنے کا نام ہے۔ اسلام کا پہلا لفظ ہی علم حاصل کرنے پر ہے۔