اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کیلئے جو تحقیق ہو رہی ہے پاکستان کی ٹیمز ان کے ساتھ معاونت کر رہی ہیں۔
فواد چوھری نے کہا کہ ہم نے کورونا وائرس کی ویکسین ریسرچ کیلئے ٹیم بنائی۔ وزیراعظم ڈاکٹروں اور طبی عملے کیساتھ کھڑے ہوئے اور کہا کہ ہم کورونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس خود بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماسک اور سینیٹائزرز کی قلت ہو گئی تھی۔ ہم نے مارچ کے پہلے ہفتے فیصلہ کیا کہ اپنے سینیٹائزر اور ماسک تیار کرنے ہیں۔ اب ہمارے پاس اب اتنے زیادہ ہینڈ سینیٹائزر ہو گئے ہیں کہ ہم دوسرے ممالک کو برآمد کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کووڈ 19 سے قبل ملک میں سینیٹائزر اور ماسک نہیں بنتے تھے۔ پاکستان اپنا این 95 ماسک بنا رہا ہے جو 90 روپے میں پڑے گا۔ اس کے علاوہ ہم اپنے وینٹی لیٹر تیار کر رہے ہیں۔ ہمارے وینٹی لیٹرز کی قیمت درآمد کیے جانیوالے وینٹی لیٹرز سے قدرے کم ہے۔