این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں تبدیلی آنی چاہیے، فواد چودھری

Last Updated On 08 May,2020 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صوبوں سے اختیارات واپس لینے کے حق میں ہرگز نہیں لیکن صوبوں میں رقم کی تقسیم کے لیے بنائے گئے این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں تبدیلی آنی چاہیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو بڑی رقم چلی جاتی ہے لیکن وفاق کے پاس کچھ نہیں بچتا۔

فواد چودھری نے کہا کہ وفاق کو قرضوں کی ادائیگی کرنی پڑتی ہے، بڑے منصوبے چلانے ہوتے ہیں اور دفاعی بجٹ دینا ہوتا ہے۔ صوبوں میں وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کا دفتر ہی اصل اختیارات کی نیچے منتقلی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے اپنے انٹرویو میں وزرائے اعلیٰ کو وزیراعظم سے بھی زیادہ بااختیار قرار دیا۔ انہوں نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ نیب قوانین میں تبدیلی پر نواز شریف سے کوئی لین دین نہیں ہو رہی۔