اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیرصدارت کورونا کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کیلئے قائم سپیشل سیل کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران اشیائے ضروریہ کا استعمال بڑھانے کیلئےجی ایس ٹی 17 فیصد سے کم کرکے 5فیصدکرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث اقتصادی تنزلی کے خطرات کو کم کرنے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا، خصوصی سیل اراکین نے بینکنگ و مالیاتی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں اقدامات تجویز کردیئے۔
اجلاس کے دوران بڑے کاروباراور برآمد کنندگان کیلئے بیل آوٹ پیکیج کی ضرورت اور سکوپ کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں ایس ایم ایز کے فروغ، اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے جی20 ممالک سے قرض ریلیف کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے دوران اراکین نے عالمی منڈی میں آئل پرائسز کمی سے پالیسی ریٹ میں مزید کمی کیلئے نظرثانی کی تجویز پیش کی، اجلاس میں زرعی قرضہ جات، ترسیلات زر میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دریں اثناء اشیائے ضروریہ کا استعمال بڑھانے کیلئے جی ایس ٹی 17 فیصد سے کم کرکے 5 فیصدکرنے کی تجویز دی گئی جس پر غور شروع کر دیا گیا ہے، اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ایف بی آر ریونیو شارٹ فال پر غور کیا گیا۔
مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ جی20 ممالک کی جانب سے قرض موخر ہونے سے 1.8 ارب ڈالر کا ریلیف ملے گا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آئی ایم ایف نے 1.4 ارب ڈالر فراہم کیے۔