کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کر دی۔ لیاقت شاہوانی نے کہا پابندیاں بڑھانے کا فیصلہ عوام کے تحفظ کیلئے کیا، مزید وینٹی لیٹرز کیلئے این ڈی ایم اے کو درخواست کر دی۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ کورونا پھیلے گا، کوئٹہ میں 4 ہزار بیڈ کا قرنطینہ بن رہا ہے، لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے بچاؤ کا بہتر ذریعہ ہے، لاک ڈاؤن کو ختم یا کم کرنے کا فیصلہ لاک ڈاؤن کے پھیلاؤ پر منحصر ہے اور بلوچستان میں کورونا کے پھیلاؤ کا تناسب 88 فیصد ہے، صرف 15 فیصد لوگ محفوظ ہیں جو تشویشناک بات ہے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا دوسرے مرحلے میں اب آٹو ورکشاپ اور پنچر کی دکانوں کو ریلف دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، عوام لاک ڈاؤن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو گھروں میں رہیں، اگر عوام نے تعاون نہ کیا تو حکومت سختی پر مجبور ہوگی، کورونا کی ویکسین ایجاد ہونے تک لاک ڈاؤن ہی حل ہے، عوام 19مئی تک تعاون کریں۔