لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 22 ہزار 550 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 526 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1049 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 8420، سندھ میں 8189، خیبر پختونخوا میں 3499، بلوچستان میں 1495، گلگت بلتستان میں 386، اسلام آباد میں 485 جبکہ آزاد کشمیر میں 76 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 32 ہزار 582 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ہزار 178 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 ہزار 217 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 526 ہوگئی۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 156، خیبر پختونخوا میں 194، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 21 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔
اموات کے اعتبار سے پاکستان کا 29 واں نمبر
مہلک وائرس کی لپیٹ میں آنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان اموات کے اعتبار سے 29 ویں نمبر پر آگیا جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد کے حوالے سے پاکستان 23 ویں نمبر پر ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں، دوسرے نمبر پر سپین اور تیسرے پر اٹلی ہے جبکہ برطانیہ کا چوتھا نمبر ہے، پرتگال کا نمبر 21 واں اور سویڈن کا 22 واں نمبر ہے۔
کیمپ جیل کے تمام کورونا مریض صحتیاب
کیمپ جیل میں قیدیوں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔ تصدیق شدہ 59 میں سے آخری 4 مریضوں کے حتمی ٹیسٹ بھی منفی آگئے۔ دیگر جیلوں کے 10 قیدیوں میں سے 9 قیدی بھی صحت یاب ہوگئے۔
دوسری جیلوں سے آئے کورونا کے آخری قیدی کا آج حتمی ٹیسٹ بھجوایا جائیگا۔ کیمپ جیل میں 512 قیدیوں اور 15 سٹاف ممبران کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 59 قیدیوں اور ایک جیل وارڈر کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تھی، جبکہ کیمپ جیل سے 1500 سے زائد قیدی دوسری جیلوں میں منتقل کئے گئے تھے۔