قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ اجلاس بھی 12 مئی کو طلب کر لیا گیا

Last Updated On 08 May,2020 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ اجلاس بھی 12 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے تاہم ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے مطالبہ کیا ہے کہ اجلاس سے پہلے اراکین اور عملے کا کورونا ٹیسٹ کروایا جائے۔ ٹیسٹ کے بغیر اجلاس میں شرکت کی اجازت دینا تباہ کن ہوگا۔

اس معاملے پر مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان اور چئیرمین سینیٹ کی بھی ملاقات ہوئی جس میں سینیٹ سیشن اور تقاریر کا دورانیہ کم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے مطابق قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ اجلاس کے لئے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ بامقصد قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کو چلانا بہت ضروری ہے۔ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ارکان اور عملے کا کورونا ٹیسٹ کیے بغیر اجلاس نہ بلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی عمارت میں کوئی وینٹیلیشن نہیں، بغیر کسی ٹیسٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینا ایک تباہی ہوگی۔ امید ہے کہ زیادہ سمجھداری سے کام لیا جائے گا۔