شہباز شریف کا برطانوی اخبار کیخلاف مقدمہ، دنیا نیوز نے دعوے کی کاپی حاصل کرلی

Last Updated On 12 May,2020 11:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار کے خلاف باقاعدہ لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ دائر کر دیا ہے جس میں اخبار پر جھوٹی خبر کے ذریعے ذاتی اور پیشہ وارانہ ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

شہباز شریف نے ہائیکورٹ میں دائر دعویٰ کیلئے قانونی فیس 10 ہزار پاؤنڈز سے زیادہ ادا کئے ہیں، عدالت اس دعویٰ کی سماعت کیلئے باقاعدہ تاریخ مقرر کرے گی۔ لیگی رہنما نے اس سے قبلُ رواں سال جنوری میں اپنے وکلا کے ذریعے برطانوی اخبار میل آن سنڈے اور برطانوی صحافی کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا جبکہ اب باقاعدہ طور پر لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ دائر کر دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار پر دعویٰ میں موقف اختیار کیا ہے ڈیلی میل نے ذمہ دارانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری نہیں کی، ہتک آمیز مضمون میں  ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ  کو شدید نقصان پہنچایا گیا، انصاف کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔

دنیا نیوز نے ایسوسی ایٹیڈ نیوز پیپرز لمیٹیڈ کے خلاف شہباز شریف کے عدالتی دعویٰ کی کاپی حاصل کرلی۔ شہباز شریف نے 10 ہزار 528 پاؤنڈ کورٹ فیس ادا کی، ہرجانے کی رقم کا تعین نہیں کیا۔
 

Advertisement