اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے حمزہ شہباز کیخلاف مقدمے کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے پاس حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ٹھوس شواہد دستاویزات اور گواہان موجود ہیں۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گواہان اور شواہد احتساب عدالت لاہور میں پیش کیے جائیں گے، عدالت میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ پہلے ضمانت مسترد کرچکی ہے، حمزہ شہباز کی بے گناہی کا فیصلہ کرنا بھی عدالت کا اختیار ہے، نیب کسی دھمکی، دباؤ، بے بنیاد پراپیگنڈہ کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کیس میں میڈیا پر بیان دینے والے عدالت میں گواہ بن جائیں۔
خیال رہے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شریف خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، آٹا چینی چوروں نے اپنے ڈاکے پر پردہ ڈالنے کے لئے حمزہ شہباز کو جیل میں رکھا ہوا ہے، منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزام میں حمزہ شہباز 50 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔