لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور نے شہباز شریف کو کل طلب کر لیا، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ بارہ بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئیں۔
نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو تیسری بار طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا، نوٹس میں کہا گیا کہ قانون کے مطابق شہباز شریف بذات خود پیش ہوں اور قومی ادارے کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔
شہباز شریف اپنے خلاف جاری تحقیقات میں قومی ادارے کیساتھ تعاون کریں، شہباز شریف دونوں بار ملک میں ہونے کے باوجود نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے۔ شہباز شریف نے اپنے نمائندے کے ذریعے نیب کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں، ذرائع کے مطابق نیب شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جواب سے مطمئن نہیں ہوا۔