اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء سے درپیش چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کومعیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید ذرائع اختیار کریں۔
انہوں نے یہ بات نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ریکٹر کی طرف سے اسلام آباد میں دی گئی پریذنٹیشن کے دوران کہی۔ صدر نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد پر زور دیا کہ وہ ملک کی ٹیکسٹائل صنعت کی تیار ملبوسات اور مصنوعات میں تنوع لانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس نے ٹیکسٹائل کی صنعت کی ترقی اور ملکی برآمدات کے فروغ میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔