صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات میں کورونا وبا کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شریک تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں میں نرمی سے متعلق وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت غریب طبقے کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی جاری رکھے۔
دونوں رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے تراویح سے متعلق علمائے کرام میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔