کورونا وائرس: معاشی صوتحال کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی

Last Updated On 20 April,2020 06:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی صوتحال کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا مالی سال 2020-21ء کا دو ارب تریسٹھ کروڑ نوے لاکھ ستاون ہزار روپے کا بجٹ فنانس کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔

سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کے زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی فنانس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے مالی سال 2019-20ء کے نظر ثانی شدہ تخمینہ جات پیش کئے۔

فنانس کمیٹی نے پنجاب اسمبلی کا مالی سال 2020-21ء کا 2 ارب 63 کروڑ 90 لاکھ 57 ہزار روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ کورونا کہ وجہ سے معاشی صوتحال کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا جس کے تحت اسمبلی سیکرٹریٹ کے آئندہ سال کے بجٹ میں کمی کی گئی۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وہ کورونا کے خلاف جہاد میں اراکین اسمبلی اور سٹاف کی طرف سے وزیراعلیٰ فنڈ کے لیے 3 کروڑ روپے دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

Advertisement