نیو یارک: (دنیا نیوز) اداکارہ میرا کی وزیراعظم عمران خان سے کی گئی مدد کی اپیل کی ویڈیو ایک ڈراما نکلی۔
ڈراما کوئین اداکارہ میرا خبروں میں رہنے کا فن جانتی ہیں، انہوں نے کورونا کو جواز بنا کر نیویارک سے ویڈیو پیغام میں اپنی مبینہ قابلِ رحم حالت کا ذکر کر کے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کی تھی۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ مجھے پاکستان واپس لایا جائے۔ بیرونِ ملک اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہوں۔ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس رقم ختم ہوچکی اور گزارہ مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں، ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کیلئے امریکا آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صنم سعید، شمعون عباسی سمیت 21 افراد تھائی لینڈ میں پھنس گئے
میرا کا مزید کہنا تھا کہ تمام ساتھی فنکار واپس جا چکے، میں اکیلی یہاں پھنس گئی ہوں، عمران خان نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے، میری وطن واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔
تاہم تصویر کا دوسرا رخ ذرا مختلف نکلا، میرا اپنے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے گھر پارٹیوں میں مگن ہیں۔ کیپٹن نوید کے والد راجہ پرویز کا کہنا ہے کہ میرا تو دو ماہ سے ان کے گھر میں ہی ہیں۔ وہ ایسی ویڈیوز جاری کر کے بےعزتی کروانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔