ن لیگی رہنما نے یوٹیلٹی سٹور سے چینی مقررہ تعداد سے کہیں زیادہ حاصل کرلی، شہباز گل کی تنقید

Last Updated On 15 May,2020 07:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے مرتضیٰ عباسی نے یوٹیلٹی سٹور سے دھمکی اور دھونس دے کر غریبوں کے لیے مختص چینی مقررہ تعداد سے کہیں زیادہ حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی سٹور پر موجود سامان حکومت کم قیمت پر غریب کی امداد کے لیے ٹیکس کے پیسے سے فراہم کرتی ہے، اس پر صرف غریب کا حق ہے۔

 

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ یوٹیلٹی سٹور انتظامیہ نے سپیکر نیشنل اسمبلی کو ایک خط لکھ کر اس واقعہ کی شکایت کی ہے اور عباسی صاحب سے مذکورہ رقم واپس مانگی ہے کیوں کہ اس پر غریب کا حق ہے۔ یہ سٹور گریڈ ایک سے پانچ کے ملازمین کی مدد کے لیے کھولا گیا تھا اس واقعہ کہ بعد اسے بندکرنے کے سوا اور کئی چارہ نہیں ہے۔

 

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ حیرانی کی بات ہے کہ ن لیگ کی قیادت غریب عوام کے مال کو لوٹنا اپنا حق سمجھتی ہے، بھلے وہ زلزلہ ذدگان کے لیے امداد ہو یا یوٹیلٹی سٹور پر موجود غریب لوگوں کے لیے امدادی قیمت پر چینی گھی اور دالیں، یہ رویہ شرمناک ہے۔ اب ایسا نہیں چلے گا، یہ عمران خان کی حکومت ہے غریب کا تحفظ ہوگا۔