اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے بھارت کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ڈومیسائل قانون کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ نو آبادیاتی اقدام ہے جو اسلامی تعاون تنظیم، اقوام متحدہ کی قراردادوں، جنیوا کنونشن، عالمی اور انسانی حقوق کے قوانین کے منافی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت گزشتہ پانچ اگست سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین سیاسی، اقتصادی اور مواصلاتی بندش کے ذریعے کشمیری مسلمانوں پرمنظم مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے پہلے اسلامی تعاون تنظیم نے کہا تھا کہ یہ غیر قانونی اور غیر انسانی اقدام کشمیر کے لوگوں کے جذبے کو ماند نہیں کر سکتا۔