اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کلبھوشن یادیو کیس میں بھارتی وکیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر بھارتی وکیل سالوی نے تین مئی کو اپنے ایک آن لائن لیکچر میں حقائق کے برعکس بیان دیا اور معاملہ دوبارہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کی دھمکی دی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی وکیل سالوی کے بے بنیاد اور غلط بیانات کو پختگی کے ساتھ رد کرتا ہے، کلبھوشن کیس میں پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے قونصلر رسائی دی، ترجمان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پاکستان اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرتا ہے۔