'سندھ میں کورونا سے 336 افراد جاں بحق، وزیراعظم عید سادگی سے منانے کا اعلان کریں'

Last Updated On 21 May,2020 03:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 336 مریض ‌جاں ‌بحق ہو چکے ہیں، 20 رینجرز اور 274 پولیس اہلکار متاثر، 7 ڈاکٹر شہید ہوئے، وزیراعظم عید سادگی سے منانے کا اعلان کریں، دوران ڈیوٹی وفات پانیوالے پولیس اہلکاروں کو پیکج دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 20 افراد جاں بحق اور 960 مرض کا شکار ہوئے، 680 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک کورونا سے 336 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، 3 ہزار 263 افراد ابھی تک وبا کا شکار ہیں، لاک ڈاون کے خاتمے کا اثر 14 روز بعد ظاہر ہو گا، کیسز کی تعداد بڑھے گی۔ عوام اس عید پر اپنے گاوں مت جائیں کیونکہ کورونا پھیلا تو دیہاتوں میں شہروں جیسی سہولیات میسر نہ ہونے کے سبب مشکلات ہوں گی۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں سیاست کرتا ہوں، کرتا ہوں لیکن لوگوں کی جان بچانے کیلئے سیاست کرتا ہوں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ڈراتا ہوں حالانکہ حقیقت بتانا میرا فرض ہے، مخالفت کرنیوالوں نے یہاں تک کہا کہ لاک ڈاؤن سے فائدہ ہوا جبکہ ہم کہتے ہیں ہمارے فیصلوں سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوا۔ میں نے اس عید پر کپڑے نہیں سلوائے کیونکہ دیہاڑی دار طبقہ جو کورونا سے متاثر ہوا اس نے بھی نئے کپڑے نہیں بنوائے، عوام گھروں پر رہ کر طبی عملے کو عید کا تحفہ دے سکتے ہیں، کورونا کے باعث جاں بحق ہونیوالےعملے کو پولیس پیکج جیسا پیکج دیں گے۔
 

Advertisement