پشاور میں تاریخی پارک اور باغات کی حالت سدھر نہ سکی

Last Updated On 27 May,2020 09:34 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جناح پارک اور وزیر باغ کی خراب حالت انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کا منہ چڑانے لگی۔ شہریوں نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیل کے مطابق پشاور میں تاریخی پارک اور باغ اپنی اصل حالت میں نہ رہے۔ عدم توجہ کے باعث نہ صرف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے بلکہ اپنی تاریخی حیثیت بھی کھونے لگے۔

پشاور کے وسط میں واقع تاریخی جناح پارک میں ایک کروڑ دس لاکھ روپے مالیت کا ڈیجیٹل فوارہ تو نصب کیا گیا لیکن کچھ ہی عرصہ کے بعد بی آر ٹی کی تعمیر کے دوران ناکارہ ہو گیا۔ شہری کہتے ہیں حکومت دعوے تو کرتی ہے لیکن تاریخی پارکوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش کا کہنا ہے پشاور ریوائیول پلان کے تحت فنڈز مختص کئے گئے ہیں، بہت جلد تاریخی پارکوں اور باغات کی بحالی پر کام شروع کیا جائیگا۔

پشاور کے تاریخی وزیر باغ اور جناح پارک سمیت دیگر پارک عدم توجہ کے باعث خستہ حال ہونے لگے ہیں۔ شہر میں تاریخی اہمیت کے حامل پارکوں اور باغات کی دیکھ بھال کی ذمہ داری جہاں حکومت کا فرض ہے تو وہیں شہریوں کو بھی ان کی حفاظت کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔