عید پر 2 لاکھ 7 ہزار ایمرجنسی کالز، صرف 10 ہزار درست

Last Updated On 28 May,2020 09:04 am

لاہور: (اجمل جامی) پنجاب بھر میں عید الفطر کے دنوں میں ایمرجنسی سروس کو 2 لاکھ 7 ہزار 140 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جن میں سے صرف 10 ہزار سے زائد کالز درست تھیں، شہری غیر ضروری کاموں کیلئے ایمرجنسی سروس بلاتے رہے۔

ریسکیو 1122 کے ڈی جی ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ عید کے 3 روز میں مجموعی طور پر سڑک کے 4040 حادثات رپورٹ ہوئے جو 36 زندگیاں نگل گئے جبکہ 4860 افراد زخمی ہوئے ان میں سے 2558 شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عید کے دنوں میں لاہور میں 622، فیصل آباد 360، ملتان 305 اور راولپنڈی میں 114 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، چنیوٹ میں عید پر سب سے کم 95 حادثات ہوئے۔

صوبہ بھر میں ان ایام میں آتشزدگی کے 240 واقعات پیش آئے۔ ایک سوال پر ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ ٹریفک حادثات میں زخمی ہونیوالوں میں 80 فیصد موٹر سائیکل سوار ہوتے ہیں۔ تحقیق پر معلوم ہوا کہ تیز رفتاری، بائیں لین میں نہ چلنا، ہیلمٹ کے استعمال سے اجتناب، ڈرائیونگ لائسنس مع تربیت کے نہ ہونا اور سڑک پر قانون شکنی موٹر سائیکل حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔
 

Advertisement