نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، صدر مسلم لیگ (ن)

Last Updated On 28 May,2020 06:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

یوم تکبر کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو نیا استحکام بخشا۔ آج کا دن ہم سب کے لیے ناقابل فراموش ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آج کے دن ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ سر اٹھا کر جئیں گے۔ ملکی تاریخ میں ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ یاد رکھا جائے گا۔ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ان دنوں سیاست نہیں کرنی، مگر حقائق سے نظریں نہیں ہٹائی جا سکتیں۔ ہماری معیشت کورونا وائرس کے آنے سے پہلے ہی دم توڑ رہی تھی،وبا آنے کے بعد رہی سہی کسر بھی ختم ہوگئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو متحد کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ یہی وقت تھا کہ وہ آگے بڑھتے اور قوم کو اکٹھا کرتے۔ سب جانتے ہیں کہ نواز شریف نے بھاری معاشی پیکج ٹھکرا دیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل نے سندھ اور جنوبی پنجاب میں تباہی مچا رکھی ہے۔ آج ہم نے تمام خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں مل کر معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں اتحاد، یقین محکم اور تنظیم کی ضرورت ہے۔ دفاع اور معاش کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دونوں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ آج ہمیں دشمن کے خطرے کے سامنے متحد ہو جانا چاہیے۔
 

Advertisement