طیارہ حادثہ تحقیقات، فرانسیسی ٹیم کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ اور رن وے کا معائنہ

Last Updated On 29 May,2020 01:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے چوتھے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ اور رن وے کا معائنہ کیا اور ویڈیوز بھی بنائیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں حادثہ تحقیقات سے متعلق سماعت ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا انکوائری رپورٹ 22جون تک آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں طیارہ گرنے کا واقعہ، فرانسیسی ماہرین کی تحقیقات کے چوتھے روز ایئربس ماہرین نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ اور رن وے 25 کا معائنہ کیا۔ ایئرپورٹ فنل ایریا میں گوراونڈ چکر بھی لگائے۔ ماہرین نے ویڈیو ایئر بس ہیڈ آفس فرانس بھیجنے کیلئے ہائی ریزولیشن کیمروں سے مناظر عکسبند کئے۔

جائے حادثہ پر ملبہ اٹھانے کا کام 80 فیصد مکمل ہونے کے بعد ایئرفورس اور  سول ایوی ایشن کی بھاری مشینری روانہ کردی گئی جبکہ آج ملبے کے
تین ٹرک ایئرپورٹ ورکشاپ منتقل کئے گئے ہیں۔ جہاز کے انجن کا ایک حصہ اب بھی موجود ہے۔

دوسری طرف سندھ ہائیکورٹ میں حادثے کی شفاف تحقیقات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ واقعے کی رپورٹ کب آئے گی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان نے بتایا کہ 22 جون تک رپورٹ آنے کے امکانات ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے گی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ حادثے کی تحقیقات تو ہو رہی ہیں۔ حتمی رپورٹ سے پہلے حکومت کو کیسے نوٹس جاری کریں۔ عدالت نے سماعت 25 جون تک ملتوی کر دی۔