کورونا پوری دنیا میں تباہی مچا رہا ہے، شہباز شریف صاحب سیاست نہ کریں: شہباز گل

Last Updated On 30 May,2020 04:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ کورونا پوری دنیا تباہی مچا رہا ہے، شہباز شریف صاحب براہ مہربانی اس پر سیاست نہ کریں، حکومت کو وبا سے نمٹنے دیں۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے کورونا سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا جھوٹ بول کر لندن جانے والوں نے قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے، کرپشن کا حساب دینا پڑے گا، آپ کے عزیز دوست مودی نے سخت ترین لاک ڈاؤن کر کے دیکھ لیا، وہاں بھی بد قسمتی سے یہ اموات کا باعث بن رہا ہے، آپ خود اسمبلی تک نہیں آئے جس کا اجلاس آپ کے کہنے ہر بلایا گیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے نواز شریف کی انٹرنیٹ پر وائرل تصویر سے متعلق کہا ‏انہوں نے قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے، نواز شریف جھوٹ بول کر لندن گئے، یہ اس جماعت کا میعار ہے کہ تین دفعہ وزیراعظم بننے والے میں سچ بولنے کی اخلاقی جرات نہیں، ترس آتا ہے ان لوگوں پر جو اب بھی اس جھوٹ کو سنتے ہیں اور انکو لیڈر مانتے ہیں۔

 خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 66 ہزار 457 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 395 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2429 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 24 ہزار 104، سندھ میں 26 ہزار 113، خیبر پختونخوا میں 9 ہزار 67، بلوچستان میں 4 ہزار 87، گلگت بلتستان میں 660، اسلام آباد میں 2 ہزار 192 جبکہ آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار 37 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 20 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 24 ہزار 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔