کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پی آئی طیارے کی جائے حادثہ سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، تباہ شدہ جہاز کا ایک پر کرین کی مدد سے نکال لیا گیا۔ فرانسیسی ٹیم آج اپنا کام مکمل کر لے گی۔ مزید چار میتوں کی شناخت ہونے پر لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
کراچی ائیرپورٹ سے ملحقہ کالونی سے جہاز کا دوسرا انجن بھی آج اٹھایا جائے گا جو ایک عمارت کی چھت پر موجود ہے۔ ہیوی مشینری کی مدد سے انجن پہلے نیچے اتارا جائے گا، دریں اثنا جہاز کے پر کے بڑے حصے جائے حادثہ سے منتقل کئے جا رہے ہیں۔
فرانسیسی ماہرین کی ٹیم آج اپنا تحقیقاتی کام مکمل کرے گی اور کل فرانس واپس روانہ ہو جائے گی۔ دو جون سے بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ کا کام شروع کیا جائے گا، 11 رکنی ٹیم کیساتھ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹیگیشن بورڈ کے ارکان بھی جائیں گے۔