اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے کہا ہے ماسک کے استعمال پر پہلے سے زیادہ سختی ہوگی۔ ماسک کے بغیر نظر آنے پر ایکشن لیا جائے گا۔ لوگ عوامی مقامات پر خود اور اہلخانہ کو بغیر ماسک نہ جانے دیں۔
تفصیل کے مطابق حکومت نے کورونا وائرس سے لوگوں کے تحفظ کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ کار پر عملدرآمد کی سختی سے نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماسک پہننا لازمی ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماسک کا استعمال کورونا وائرس کے خلاف انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سے وباء کے پھیلائو کو چالیس سے ساٹھ فیصد تک روکنے میں مدد ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ دکانوں، مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات پر جاتے ہوئے ماسک پہننا ضروری ہے۔ ضابطہ کار پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے خلاف ایک مربوط حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔