اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مسافروں کے لیے جلد نئی پالیسی لا رہےہیں، نئی پالیسی میں بیرون ملک مسافروں کی فوری واپسی کی خوشخبری سنائیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والوں کے ٹیسٹ کر رہے ہیں، بیرون ممالک سے آنے والوں کو دو ہفتے کے لیے قرنطینہ کا کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرنطینہ کرنے کا یہ فیصلہ 2 جون کو این سی سی کے اجلاس میں کیا گیا تھا، پاکستان میں کورونا کی مقامی ٹرانسمیشن 94 فیصد، بیرون ملک مقیم مسافروں سے 6 فیصد ہے، باربارکہاہے کہ ہمیں اپنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کامشکورہونا چاہیے۔
یاد رہے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے، 10جون تک 20ہزار مسافروں کووطن واپس لایا جائے گا، پچھلے مرحلے کے مقابلے میں 10ہزارسے زائد مسافروں کو لایا جائے گا۔
معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ تارکین وطن نے صبر اور تحمل سے صورتحال سے نمٹا ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے اپنی باری کا انتظار صبر اور تحمل سے کیا، اوورسیز مسافروں کے لئے جلد ہی ایک نئی پالیسی لا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی بیرون ملک مسافروں کی فوری واپسی کی خوشخبری سنائے گی، بیرون ملک سے پاکستان واپس آنے والوں میں مزدور طبقہ کی بڑی تعداد ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاکستان واپس آنا ان کا حق ہے۔