عوام نے حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا تو لاک ڈاؤن سخت کرنا پڑیگا: یاسمین راشد

Last Updated On 09 June,2020 03:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے کہا، عوام نے حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا تو لاک ڈاؤن سخت کرنا پڑے گا، پابندیاں نرم کیں تو لوگ سمجھے وائرس چلا گیا، ایکٹمرا انجکشن کے کچھ فوائد لیکن لائف سیونگ نہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاون میں نرمی کی تو لوگوں نے سمجھا کورونا چلا گیا، عوام کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کورونا کیسز مزید بڑھے، حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانے کئے اور مارکیٹیں بند کیں۔ لاہور میں اب کورونا کیسز کی تعداد 19 ہزار 229 ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہو رہے ہیں، احتیاط ہی کورونا کے مسئلے کا واحد حل ہے۔ عوام کو کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہو گا۔ کورونا کہیں نہیں گیا ہمارے ساتھ موجود ہے، حکومت نے صوبے کے ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا۔