کورونا وائرس: پنجاب میں سول اور عسکری قیادت کا اجلاس، تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا فیصلہ

Last Updated On 11 June,2020 05:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی سول اور عسکری قیادت کے اعلی سطحی اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی موثر پالیسی مرتب کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کاکہناہے کہ باہمی تعاون اورعوام کی حمایت سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے، کور کمانڈر لاہور لیفٹینٹ جنرل ماجد احسان کاکہناہے کہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے،سول حکومت مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک نے شرکت کی۔

ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، ماہرین اور اعلی عسکری و سول حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا جا ئزہ لیاگیا، سول اور عسکری قیادت کے اجلاس میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں پنجاب خصوصاً لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی موثر پالیسی مرتب کی جائے گی۔

اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیاگیا، خصوصی ورکنگ گروپ کی سفارشات کی روشنی میں لاہورشہرکیلئے علیحدہ ماڈل تیار کیا جائے گا۔ ورکنگ گروپ کی سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت کا کوروناکا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ صوبے میں ماسک کی پابندی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، مارکیٹو ں اوربازاروں میں ایس او پیزکی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں کورونا وباء کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرپیشگی ضروری پلاننگ کرنے پراتفاق کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی پنجاب حکومت کوکورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کا کہنا تھاکہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے،سول حکومت مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کاکہناتھاکہ صورتحال مشکل ضرورہے لیکن ہم سب کا عزم اس سے بلند ہے،باہمی تعاون اورعوام کی حمایت سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا،سیاسی وعسکری قیادت عوام کے تعاون سے کورونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹ رہی ہے،لاہور اوردیگر شہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ پالیسی جلد مرتب کی جائے۔اس ضمن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
 

Advertisement