نیب پیشی کے علاوہ سخت احتیاط برتی اسکے باوجود بدقسمتی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا: شہباز شریف

Last Updated On 11 June,2020 10:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب میں پیش ہونے کے علاوہ میں نے گھر سے باہر جانے میں سخت احتیاط برتی اس کے باوجود بدقسمتی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میں تہہ دل سے تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے پیغامات بھیجے ہیں۔

ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ طبیعت کی ناسازی کے سبب میں نے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا جو بدقسمتی سے مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف، ڈاکٹر رمیش کمار، خواجہ اظہار الحسن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

لیگی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آنے کے بعد سے بہت زیادہ احتیاط کی اور طبی ماہرین کے مشوروں پر سختی سے عمل پیرا رہا۔ نیب میں نظرانداز نہ ہونے والی پیشی کے سوا میں نے گھر سے باہر جانے میں سخت احتیاط برتی۔ میں نے خود کو گھر تک ہی محدود رکھااور یہیں سے آن لائن اجلاس منعقد کئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری آپ سب سے گزار ش ہے کہ کورونا وائرس سے لاحق خطرات انتہائی سنگین ہیں۔ دل کی گہرائیوں سے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ بہت زیادہ زیادہ احتیاط کریں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ باہر جانے کے لیے ہر گھر کسی ایک فرد کو مقرر کریں اور باقی لوگ سختی کے ساتھ گھروں پر رہیں۔ اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہو
 

Advertisement