لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کو کورونا وائرس ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں فون کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تیزی سے بڑھتے ہوئے وباء کے کیسز کی تعداد میں جہاں اضافہ ہو رہا ہے وہیں پر سیاستدان بھی نشانہ پر آ گئے ہیں۔ آج پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے ان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، دونوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
بلاول بھٹو نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی معلوم ہوا کہ آپ کورونا سے متاثر ہوٸے ہیں، آصف علی زرداری بھی آپ کی جلد صحتیابی کے لیٸے دعا گو ہیں۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اکٹھا ہوکر قوم کو کورونا سے نجات دلانے کیلیٸے جدوجہد کا ہے۔