لاہور: (سید سجاد کاظمی سے) لاہور کے 16 سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے 649 مریض زیر علاج، 16 سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یو میں مجموعی طور پر 61.5 فیصد بیڈز مصروف، 15 سرکاری ہسپتالوں کے ہائی ڈیپیڈنسی یونٹ میں مجموعی طور پر 75.8 فیصد بیڈز مصروف بتائے گئے ہیں۔
کورونا کمانڈ کنٹرول سنٹر لاہور کی 10 جون 2020 کی رات 12 بجے تک کی سرکاری رپورٹ کے مطابق میو ہسپتال کے ہائی ڈیپیڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو ) میں 227 میں سے 172 بیڈز مصروف ہیں جبکہ 55 بیڈز خالی یعنی 75.8 فیصد بیڈز مصروف ہیں۔ میو ہسپتال کے آئی سی یو میں کل 65 بیڈز ہیں، 40 پر مریض داخل اور 25 بیڈز خالی بتائے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر آئی سی یو میں 61.5 فیصد بیڈز مصروف ہیں۔
جناح ہسپتال لاہور کے ایچ ڈی یو میں کل 36 بیڈز پر مریض داخل ہونے کے بعد کوئی بیڈ بھی خالی نہیں ہے۔ اسی طرح آئی سی یو میں 15 بیڈز موجود ہیں، تمام بیڈز خالی ہیں۔ سروسز ہسپتال لاہور کے ایچ ڈی یو میں 60 بیڈز میں سے 57 پر مریض داخل، تین خالی۔ آئی سی یو میں 32 بیڈز میں سے 24 مصروف اور 8 خالی بتائے جا رہے ہیں، مجموعی بیڈز کی مصروفیت 75.0 فیصد ہے۔
لاہور جنرل ہسپتال کے ایچ ڈی یو میں 6 بیڈز میں سے کوئی خالی نہیں ہے اور آئی سی یو میں 20 بیڈز پر بھی مریض زیر علاج ہیں لہذا سروسز کی طرح جنرل ہسپتال میں بھی مریض داخل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پی کے ایل آئی کے ایچ ڈی یو میں کل 16 بیڈز پر مریض داخل ہیں جبکہ آئی سی یو کے 20 بیڈز میں سے 13 بیڈز پر مریض داخل جبکہ سات خالی بتائے جا رہے ہیں۔
سر گنگا رام ہسپتال کے ایچ ڈی یو میں 50 بیڈز پر 31 مریض داخل 19 خالی جبکہ آئی سی یو کے 10 بیڈز پر 9 مریض داخل ہے۔ مزنگ ہسپتال میں ایچ ڈی یو اور آئی سی یو میں کوئی بھی بیڈ خالی نہیں ۔ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایچ ڈی یو میں چار بیڈز پر کوئی مریض داخل نہیں، آئی سی یو میں تینوں بیڈز پر مریض داخل ہیں۔ یکی گیٹ نواز شریف ہسپتال کے ایچ ڈی یو میں 100 بیڈز پر 98 مریض داخل جبکہ آئی سی یو میں کوئی بیڈ موجود نہیں ہے۔ لیڈی ایچی سن ہسپتال کے ایچ ڈی یو اور آئی سی یو میں کوئی بیڈ مختص نہیں کیا گیا۔
لیڈی ولنگٹن ہسپتال اور سوشل سکیورٹی ہسپتال کے ایچ ڈی یو اور آئی سی یومیں کورونا کا کوئی بیڈ مختص نہیں کیا گیا۔ سید مٹھا تدریسی ہسپتال کے آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں کوئی بیڈ مختص نہیں۔ چلڈرن ہسپتال کے ایچ ڈی یو میں پانچ بیڈز اور آئی سی یو کے مختص پانچ بیڈز پر کوئی مریض داخل نہیں ہے۔ میاں منشی ہسپتال میں ایچ ڈی یو اور آئی سی یو میں کوئی بیڈ مختص نہیں کیا گیا ہے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی تاحال کورونا سنٹر نہیں ہے۔
مذکورہ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر لاہور کے 16 ہسپتالوں کے ایچ ڈی یو کے 504 بیڈز پر 284 مریض داخل اور 220 بیڈز خالی، اسی طرح
مجموعی طور پر آئی سی یو میں 174 بیڈز پر 111 مریض داخل اور 63 بیڈز خالی بتائے گئے ہیں جس کے مطابق ایچ ڈی یو میں مجموعی طور پر 56.3 فیصد بیڈز مصروف ہیں اور آئی سی یو میں 63.8 فیصد بیڈز خالی پڑے ہیں۔