اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔ ڈریپ نے پاکستان میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نسٹ اور ہمارے ماہرین کو مبارکباد پیش کرتاہوں، آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس پاکستان میں بننے سے کورونا ٹیسٹ کی لاگت میں نمایاں کمی واقع ہوگی، مقامی طور پر کٹس تیار کرنے سے درآمدی بل میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
Another landmark achieved.... DRAP has approved Pakistan first COVID testing kit, Congratulations to @Official_NUST and our brilliant scientists ...you people have made us proud ... this ll bring significant cost reduction of COVID tests also ll save huge import bill
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 12, 2020
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 107 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 463 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 397 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 47 ہزار 382، سندھ میں 46 ہزار 828، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 787، بلوچستان میں 7 ہزار 673، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 30، اسلام آباد میں 6 ہزار 699 جبکہ آزاد کشمیر میں 534 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 9 ہزار 169 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 344 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 40 ہزار 247 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 107 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 463 ہوگئی۔ پنجاب میں 890، سندھ میں 776، خیبر پختونخوا میں 632، اسلام آباد میں 65، گلگت بلتستان میں 15، بلوچستان میں 75 اور آزاد کشمیر میں 10 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔