اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گاڑی نے شہری کو ٹکر ماری تھی، دونوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث انھیں رہا کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے دونوں اہلکاروں کو سفارتی عملے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ رہائی سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے عمل میں لائی گئی ہے۔
تھانہ سیکرٹریٹ میں دونوں اہلکاروں کی حراست کی اطلاع پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر حکام پہنچے تھے۔ تھانے پہنچ کر بھارتی سینئر سفارتکاروں نے ایس ایچ او کو گمشدگی کا خط تھما دیا اور کہا کہ وفاقی پولیس ہمارے گمشدہ اہلکاروں کو تلاش کرے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو تیز رفتار گاڑی چلانے او شہری کو ٹکر مارنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار اسلام آباد کی شاہراہ پر تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے، انہوں نے شہری کو ٹکر ماری اور حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔
تاہم موقع پر موجود شہریوں نے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انھیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ انڈین اہلکاروں کی شناخت سلوادیس پال اور داوامو براہمو کے نام سے ہوئی ہے۔