لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ فریال مخدوم اور گوہر رشید اپنی آنے والی فلم 'لاک ڈاؤن' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
دونوں اداکاروں نے تصدیق کی تھی کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ آغاز میں کس اداکار کے مناظر شوٹ کیے جا رہے ہیں۔
دونوں اداکاروں نے بتایا تھا کہ لاک ڈاؤن کی کہانی کورونا کی وبا کے پس منظر میں ہوگی اور فلم میں وبا کے باعث مصیبتوں اور مسائل کا سامنا کرنے والے جوڑے کے رومانس کو دکھایا جائے گا۔
دونوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ فلم میں کورونا کی وبا کے باعث پیدا ہونے والے سماجی مسائل کو بھی دکھایا جائے گا۔
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ لاک ڈاؤن میں فریال مخدوم کی جگہ اداکارہ سونیا حسین نے لی، کیونکہ فریال مخدوم نے ذاتی مسائل کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔
فلم کے ہدایت کار و شریک لکھاری ابو علیحہ نے تصدیق کی کہ اب فلم میں مرکزی کردار سونیا حسین ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
ابو علیحہ نے بتایا کہ انہوں نے فریال مخدوم کو ہی فلم کی مرکزی اداکارہ کے طور پر کاسٹ کیا تھا اور معاملات اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے تھے مگر بعد میں فریال مخدوم نے کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی۔
فلم ساز کے مطابق فریال مخدوم کی باہمی رضامندی کے بعد ان کی جگہ سونیا حسین کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
ابو علیحہ کے مطابق فریال مخدوم نے حال ہی میں شادی کی وجہ سے اپنی مصروفیات، صحت کے مسائل اور مصروف شیڈول کی وجہ سے فلم سے عیلحدگی اختیار کی۔
دوسری جانب فریال مخدوم نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے علیحدگی اختیار کی۔
خیال رہے کہ مذکورہ فلم کی کہانی عابدہ احمد اور ابو علیحہ نے لکھی ہے جب کہ ابو علیحہ ہی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں، فلم کو مونٹ بلینک پروڈیوس کر رہے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس یا پھر ایمازون پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔