لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ کرنے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کو سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے ٹیلیفون کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ 11 جون کو مثبت آیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا تھا۔ اسی دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چینی عہدیداروں نے بھی ان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ترجمان چینی وزارت خارجہ کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، علاج سے متعلق تعاون کی پیشکش
تازہ پیشرفت کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اس دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے نیک تمناؤں اور صحت کے لئے فکرمندی پر جنرل (ر) راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ 11 جون کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی ٹیلیفون کیا تھا اور ان کی خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھی۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی جانب سے شہبازشریف کو کورونا کے علاج کی ایک بار پھر پیشکش
اس سے قبل چین کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو معاونت اور علاج کی ایک مرتبہ پھر پیشکش کر دی گئی، چین کے قونصل جنرل لانگ دینگ بِن نے شہباز شریف کو خط لکھ کر علاج کی پیشکش کی۔
عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لانگ دینگ بِن نے شہباز شریف کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ کورونا سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دکھ ہے، آپ سے دلی ہمدردی ہے۔ آپ کو ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہوں۔ سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرز کے طورپر کورونا کے خلاف چین کی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ کورونا وائرس پر قابو پانے تک چین پاکستان کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے
یہ بھی پڑھیں: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار، گھر میں قرنطینہ کرلیا
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سی پیک کی تعمیر کے لئے آپ کی غیرمعمولی کارکردگی ہمیں بہت اچھی طرح سے اب بھی یاد ہے، دینگ بِن نے خط میں کہاکہ اورنج لائن، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا ساہیوال کا منصوبہ آپ کی غیرمعمولی کاوش کا مظہر ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے طورپر آپ نے چین پاکستان کی دوستی بڑھانے میں کردار ادا کیا۔ مستقبل قریب میں آپ سے تعاون کے لئے چشم براہ ہوں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لاؤ جیان ژاو نے ٹیلیفون کیا تھا اور علاج سے متعلق حکومت چین کی طرف سے تعاون کی پیشکش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی
شہبازشریف کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لاو جیان ژاو نے ٹیلی فون کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کورونا پازیٹو ہونے پر بڑی تشویش ہے، جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں۔
چین کی طرف سے علاج کے پیشکش کرنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے چین کی حکومت، قیادت اور لاو جیان ژاو کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کی فکر مندی اور پیشکش چین کی پاکستان کے عوام سے محبت، عظیم وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔ چین کی یہ محبت، احساس اور وابستگی میرے لئے ہمیشہ سرمایہ افتخار ہے۔