کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مشکل ترین وقت میں بھی وفاقی حکومت غیر سنجیدہ فیصلے کر رہی ہے۔ لگتا ہے وفاقی حکومت کورونا سے نہیں بلکہ سندھ حکومت سے لڑنا چاہتی ہے۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کراچی کے تین بڑے سرکاری ہسپتالوں کی وفاق کو منتقلی کے احکامات دیے تھے۔ وفاقی حکومت ہسپتالوں کو سنبھالنے کے لوازمات ہی پورے نہیں کر سکی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کا ساتھ دینے کے بجائے وفاق مداخلت اور روڑے اٹکا رہی ہے۔ پاکستان کی عوام کی طرف سے کہتا ہوں یہ وقت لینے کا نہیں بلکہ دینے کا ہے۔ بار بار مل کر کام کرنے کا کہتے رہے مگر صورتحال برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ایسا کوئی فیصلہ ہوا تو وفاق کی مشاورت سے ہوگا۔