لاہور: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کپتان اور بیٹسمین سٹیو سمتھ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق 2010ء میں پاکستان کے خلاف میچز سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کیریئر شروع کرنے والے آسٹریلین کرکٹر سٹیو سمتھ نے محمد عامر کو مشکل باؤلر قرار دیا تو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی بھی تعریف کی۔
کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دنیا بھر کے کرکٹرز کی طرح کھیل سے دور اور ذاتی زندگی تک محدود آسٹریلین کرکٹر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں شائقین کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالوں کے جواب دیے۔
ایک شائق کی جانب سے کیے گئے سوال میں آسٹریلوی بلے باز سے پوچھا گیا کہ وہ کون سا باؤلر ہے جس کا سامنا کرتے ہوئے انہیں مشکل پیش آئی؟
دنیائے کرکٹ کے موجودہ بلے بازوں میں بہتر معیار کا کھلاڑی ہونے اور دنیا بھر کے مختلف باؤلرز کا سامنا کرنے والے سٹیو سمتھ نے اپنے جواب میں لکھا کہ میرے خیال میں محمد عامر وہ باصلاحیت باؤلر ہے جس کا مجھے سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہوے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہ کر سکنے والے محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت لے چکے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں محض ایک وکٹ لے سکنے کے بعد سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کی پاکستانی ٹیم سے بھی باہر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کیے گئے محمد عامر اہلیہ کے امید سے ہونے کی وجہ سے دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کیے گئے سکواڈ کا حصہ بھی نہیں ہیں۔
31 سالہ سٹیو سمتھ سے بابر اعظم کے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ عمدہ کھلاڑی ہیں۔ بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے پاس خاصا وقت ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ مختصر وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بابر اعظم اس وقت تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کے ٹاپ فائیو بلے بازوں میں شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر کیے گئے بابر اعظم کا دھیما لیکن پراعتماد انداز اور کھیل پر توجہ انہیں شائقین و ناقدین کرکٹ کا پسندیدہ کھلاڑی بناتی ہے۔
سوال و جواب کے سیشن میں سٹیو سمتھ سے پوچھا گیا کہ ان کا کرکٹنگ آئیڈل کون ہے تو انہوں نے جواب میں لکھا کہ وہ مارک وا کو کھیلتا دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو وا کے بھائی اور آسٹریلوی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین مارک وا کھیل سے ریٹائرڈ ہوئے تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 16 ہزار رنز بنا چکے تھے۔
سٹیو سمتھ سے موجودہ کرکٹرز میں اچھے فیلڈر کا پوچھا گیا تو انہوں نے انڈین آل راؤنڈ رویندر جڈیجا کو عمدہ فیلڈر قرار دیا۔
نچلے نمبروں پر کھیلنے والے جڈیجا سپن باؤلر کے طور پر بھی جنوبی ایشیا میں سمتھ کا انتخاب قرار پائے۔ اپنے طویل جواب میں انہوں نے لکھا کہ میں دنیا میں کچھ ایسے باؤلرز کی نشاندہی کر سکتا ہوں اور جڈیجا ان میں سے ایک ہیں۔ انہیں کھیلنا مشکل ہے۔
یاد رہے کہ لیگ سپننگ کی دنیا سے آسٹریلین ٹیم کے بہترین بلے باز کے درجے تک پہنچنے والے سٹیو سمتھ بال ٹیمپرنگ تنازعے کی وجہ سے ٹیم کی کپتانی سے محروم ہو کر 12 ماہ کی پابندی کا سامنا بھی کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست درجہ رکھنے والے سٹیو سمتھ کو آسٹریلوی لیجنڈ ڈان بریڈ مین سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔