لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بجٹ کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران بدترین مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 786.72 پوائنٹس گر گیا۔ جس کے باعث 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ملک بھر میں سرمایہ کاروں کی طرف سے ٹریڈنگ کے دوران دلچسپی نہ لینے کی وجہ سے بڑی مندی دیکھی گئی۔ جسکے باعث 786.72 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر ہی غیر یقینی صورتحال چھائی رہی جس کے باعث پہلے دو گھنٹوں کے دوران 262 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، اسی کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا اور دوپہر بارہ بجے کے بعد انڈیکس میں 500 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
مندی کا تسلسل جاری رہا، اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 786.72 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے باعث انڈیکس 33824.51 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.27 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی، جبکہ 16 کروڑ 45 لاکھ 16 ہزار 745 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔