اسلام آباد: (دنیا نیوز) دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈیم پر کام کے آغاز کیساتھ ساتھ پراجیکٹ ایریا میں ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے مینجمنٹ پلان پر بھی کام شروع کردیا گیا، مینجمنٹ پلان کا مقصد زیرِ آب آنے والی چٹانوں پر نقش کی گئی تصویروں اور تحریروں کو محفوظ بنانا ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق مینجمنٹ پلان کے تحت چلاس فورٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش کی جائے گی اورمیوزیم قائم کیا جائے گا پلان کے تحت گلگت بلتستان خصوصاًچلاس اور اِس کے ارد گرد واقع علاقوں میں ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کیلئے ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے مینجمنٹ پلان ورلڈ بنک، ایشائی ترقیاتی بنک، یونیسکو اورقومی و بین الاقوامی طریقہ ہائے کار اور معیار کے مطابق عالمی سطح پر معروف ماہرین نے تیار کیا ہے۔
دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لئے ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کیلئے مینجمنٹ پلان کی تفصیلات کے مطابق 7ہزار سال قبل از مسیح سے لیکر 16 ویں صدی عیسوی تک کے مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والی تقریباً5ہزار اہم ترین تاریخی چٹانی نقوش کی تھری ڈی سکیننگ کی جائے گی اور ان کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید بتایاکہ جن چٹانی نقوش کو منتقل کرنا ممکن ہے اُنہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا اور جن چٹانی نقوش کو منتقل کرنا ممکن نہیں، اُن کی نقول تیار کی جائیں گی۔
مینجمنٹ پلان کے تحت چلاس فورٹ کو بحال کیا جائے گا اور اِس کی تزئین و آرائش کی جائے گی،اِ س کے علاوہ میوزیم، آرکائیوزاورلائبریری قائم کئے جائیں گے۔