مودی نفسیاتی مریض،مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کر دی: وزیراعظم

Last Updated On 26 June,2020 11:41 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نفسیاتی مریض ہے جو بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا،بھارت خطے میں امن کا دشمن ہے۔

مظفر آباد کے دورے کے دوران کنٹرول لائن کے رہائشیوں کے لیے احساس کیش پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر رہنے والے شہریوں کی تکالیف کا علم ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے احساس کیش پروگرام کے ذریعے ان لوگوں کی مدد کر رہا ہوں۔ ایک لاکھ 38 ہزار لوگوں کو احساس کیش پروگرام کے ذریعے پیسے دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں 12 لاکھ لوگوں کو آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ ملیں گے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے دس لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں جا کر اپنا علاج کرا سکیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں میں آٹھ لاکھ قابض بھارتی فوجی کشمیریوں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں ہرا سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں روز کسی کشمیری کو شہید کیا جاتا ہے۔ یہ تحریک ختم ہونے والی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کا جانشین سمجھتی ہے، نریندر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، بھارتی وزیراعظم کشمیریوں پر سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں معاملہ مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف جا رہا ہے، مودی سرکار بھارت میں دیگر اقلیتوں پر بھی ظلم کر رہی ہے، عیسائیوں، مسلمانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں پڑھے لکھے اور سمجھدار ہندو بھی سمجھ رہے ہیں یہ غلط ہو رہا ہے۔ مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نفسیاتی مریض ہے، میں نے دنیا کو آر ایس ایس کے نظریے سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے گزشتہ برس 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کے آئینی ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد یہ مسئلہ اقوام متحدہ اور عالمی میڈیا میں بہتر انداز میں اٹھا دیا تھا مگر جب ہم واپس آئے تو پتا چلا ایک آزادی مارچ جاری و ساری ہے، یہ ایسا مارچ تھا جس کے ذریعے جان بوجھ کر کشمیر کے مسئلے کو سبوتاژ کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ جو ظالم ہوتا وہ عموماً بزدل ہوتا ہے اور ان لوگوں پر ظلم کرتا ہے جو بے بس ہوتے ہیں۔ انڈیا کی آٹھ لاکھ فوج کشمریوں کے اوپر مسلط کی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو شہید کرتے ہیں۔

 

 

 

Advertisement