وادی: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری ہے، غاصب فوج نے سوپور میں 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا، بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے پی ایچ ڈی سکالر ہلال ڈار کے اہل خانہ نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کا قتل عام رک نہ سکا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے سوپور شہر کے علاقے ہردشیوا میں نوجوانوں کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا۔ بھارتی فوج نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی۔
ادھر ضلع بڈگام سے قابض فورسز نے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف کشمیریوں نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے پی ایچ ڈی سکالر ہلال احمد ڈار کے اہل خانہ نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک لائق اور معصوم کو بھارتی فورسز کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔