سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں ناکامی کے بعد اب جدوجہد آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کیلئے حریت چیئرمین سیدعلی گیلانی کے نام سے منسوب جعلی خط جاری کرنے کے اوچھے اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ حریت کانفرنس کو قابل اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں سید علی گیلانی سے منسوب ایک اور جعلی اور من گھڑت خط جاری کرنے والی ہیں۔ حریت کانفرنس نے پہلے ہی چند دن قبل جاری ہونے والے ایک جعلی خط کے بعد اس بارے میں خبردار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس جعلی خط کامقصد جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کے علاوہ سید علی گیلانی اور پاکستان کے درمیان خلااورحریت کانفرنس سے وابستہ آزادی پسند جماعتوں کے درمیان انتشار اور بے یقینی کی فضا پیدا کرنا ہے۔ ایسے مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کو عنقریب منظر عام پر لایا جائے گا جو تحریک آزادی کے بھیس میں اس گھنائونے کام میں بھارتی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔کشمیری قوم ان بھارتی سہولت کاروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی ۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ جعلی خطوط سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی ،علالت اور پیرانہ سالی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاری کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میںناکام ہوگا اور حریت کانفرنس اس طرح کے دبائو بڑھانے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوکر اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی ترک نہیں کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی متحد ہ آواز ہے اور سید علی گیلانی کی جر ات مندانہ اور ذمہ دار قیادت میں اپنے مادر وطن کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔
انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس سے وابستہ قائدین بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے سیدعلی گیلانی سے رہنمائی حاصل کررہے ہیںاور سیدعلی گیلانی ہی وہ مرکزی قوت ہیں جو تمام تر مشکلات کے باوجود جدوجہد آزادی جاری رکھنے کیلئے مشعل راہ ہے اور وہ سب ان کے سپاہی ہیں۔
حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ پوری کشمیری قوم کل جماعتی حریت کانفرنس کے ساتھ کھڑی ہے اور حریت کانفرنس مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور سیدعلی گیلانی کی زندگی کو اپنا رہنماء اور رول ماڈل بناتے ہوئے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔