سرینگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی ظلم و تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔۔قابض اور ظالم بھارتی فوج نے جعلی سرچ آپریشن میں مزید4 نوجوانوں کو شہید کردیاگیا، شہادتیں مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام اور اسلام آباد میں ہوئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے نیپورہ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے لالین میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں بربریت کی تازہ مثال قائم کی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اس دوران گھر گھرتلاشی لی گئی جبکہ علاقے میں حالات کی معلومات روکنے کے لیے موبائل فون اور انٹر نیٹ کی سہولت بھی معطل کردی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے نیپورہ اور لالین میں 2،2 نوجوانوں کو شہید کیا۔ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جب کہ نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کو طاقت سے روکنے کے لیے فوجی اہلکاروں، نیم فوجی دستوں اور کٹھ پتلی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ہفتے کے دوران قابض اور ظالم بھارتی فوج نے 18 نوجوانوں کو نام نہاد آپریشن کے دوران شہید کیا ہے، ان میں سے 14 نوجوانوں کو شوپیاں میں شہید کیا گیا ہے۔