اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ وادی میں کھلی کچہری کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارتی اقدامات کو کوئی کشمیری تسلیم نہیں کرتا، بھارت کے سلامتی کونسل ممبر بننے سے کوئی قیامت نہیں آئے گی، بھارت کے ہمسایوں کو ہندوتوا سوچ پر تشویش ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت 7 بار سلامتی کونسل کا ممبر رہا ہے، انڈیا کے سلامتی کونسل ممبر بننے سے کوئی قیامت نہیں آئے گی، بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کو اہمیت کیوں نہیں دے رہا، میرے خطوط سلامتی کونسل کے ریکارڈ کا حصہ ہیں، توقع تھی کووڈ 19 کے بعد بھارتی رویے میں نرمی آئے گی لیکن بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم برقرار ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا او آئی سی ممالک کو بھی خطوط لکھے ہیں، دلی کے واقعات ہم بھولے نہیں، آپ اسے چھپا نہیں سکتے، شہریت بل پر بھارتی اپوزیشن سراپا احتجاج ہے، بھارت چین اور نیپال کے ساتھ گفت و شنید کے وعدے کرتا رہا، کونسا ملک ہے جو آج بھارتی اقدامات سے مطمئن ہو، بھارت کے ہمسایوں کو ہندوتوا سوچ پر تشویش ہے، بھارت انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔