اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ کے حوالے سے پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ اور میڈیا رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف رکن ممالک بھارت کی جھوٹی مہم کا نوٹس لیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں مزید رکھنے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے، بھارتی وزارت خارجہ اور میڈیا رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکشن پلان پر ناکامی کے حوالے سے بھارتی پراپیگنڈے میں بھی کوئی حقیقت نہیں۔ پاکستان پر دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی الزامات بھی جھوٹے ہیں۔
عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے جون میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی تیاری کی ہوئی تھی۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اپریل میں ایف اے ٹی ایف نے چار ماہ کے لیے مدت بڑھا دی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ 24 جون کو ایف اے ٹی ایف کے ویڈیو لنک اجلاس میں پاکستان کا معاملہ زیرغور نہیں آیا۔ فروری کے اجلاس کے فیصلے تاحال برقرار ہیں۔ بھارت ایف اے ٹی ایف کے فورم کو پاکستان کے خلاف اپنی نفرت اور گمراہ کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بارہا مرتبہ دنیا کی توجہ اس جانب کروا چکا ہے۔ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف رکن ممالک بھارت کی پاکستان کے خلاف جھوٹی مہم کا نوٹس لیں، رکن ممالک بھارت کی جانب سے اس فورم کی کارروائی کو سیاسی بنانے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کریں۔