اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے شوگر انکوائری کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت عظمی سے حکم امتناعی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
شوگر انکوائری کمیشن پر عملدرآمد کا معاملہ، حکومت نے سپریم کورٹ میں دستک دیدی، عدالت عظمٰی میں وزارت داخلہ کی جانب سے دائر درخواست میں حکم امتناع کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کا موقف سنے بغیر ہی شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ریلیف دیا، دوسرے فریق کو سنے بغیر یکطرفہ حکم امتناع نہیں دیا جا سکتا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ قرار دے چکی کہ کمیشن رپورٹ سے شوگر ملزایسوسی ایشن کے حقوق متاثر نہیں ہوئے، سندھ ہائی کورٹ کے حکمنامہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کا کوئی ذکر نہیں، شوگر کمیشن رپورٹ پر کارروائی سے نہیں روکا جا سکتا۔